ریاض،3اکتوبر(ایجنسی) سعودی عرب میں نئی ویزہ پالیسی کا اعلان کیا گیا جس میں ویزوں کی فیس میں اضافہ کیا گیا۔ ٹریفک جرمانوں کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی گئی اورجرمانوں کی ایک نئی فہرست کی بھی منظوری دی گئی۔
سعودی کابینہ کی جانب سے منظور کردہ حالیہ فیصلوں میں مملکت میں بعض شعبوں میں غیرملکی شہریوں کی ملازمت پر پابندی، تنخواہوں اور مراعات میں کمی، سالانہ بونس اور تنخواہوں میں اضافے پر پابندی جیسے اقدامات کی منظوری دی گئی۔ ان تمام فیصلوں کا نفاذ کل اتوار کے روز سے کر دیا گیا ہے۔
ویزہ فیس
ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے پاسپورٹ نے ویزہ فیس، قیام کی فیس، وزٹ ویزہ فیس،
داخلہ فیس اور دوبارہ واپسی فیسزکے حوالے سے شاہی فرمان نمبر 68 مجریہ 6 ذی الحج 1437ھ کو نافذ کردیا۔
سعودی عرب میں داخل ہونے کی فیس 2000 ریال ہے مگر پہلی بار حج یا عمرہ کرنے والے غیرملکی مسلمان شہری کی یہ فیس سعودی حکومت ادا کرے گی۔ دوسری بار حج یا عمرہ ادا کرنے پر 2000 ریال فیس ادا کرنا ہوگی۔
وزٹ ویزہ کی فیس 300 ریال مقرر کی گئی ہے۔
خروج اور دوبارہ سعودیہ میں واپسی کی فیس یوں ہوگی۔
کم سے کم دو ماہ کے ایک وزٹ کے لیے 200 ریال فیس ہوگی۔ اس کے بعد ہر ایک ماہ ویزے کی مدت تک 100 ریال ماہانہ فیس رکھی گئی ہے۔
تین ماہ کے سفر کے لیے واپسی فیس 500 ریال اور ہرماہ بعد 200 ریال فیس ویزہ کی مدت تک وصول کی جائے گی۔